بہت سے عوامل ایسے ہیں جو تھائیرائیڈ کی بیماری کا خطرہ بڑھانے کا سبب بنتے ہیں۔ یہاں ایسے ہی کچھ عوامل کا ذکر ہے جن کی موجودگی تھائیرائڈ کی بیماری ہونے کے مواقع میں اضافہ کرتی ہے۔
(۔ 1صنف (جینڈر
مردوں کی نسبت خواتین تھائیرائیڈ کی بیماری کے خطرے کا زیادہ سامنا کرتی ہیں۔ ماہرین کے اعداد و شمار کے مطابق خواتین میں مردوں کی نسبت تھائیرائیڈ کی بیماری سے متاثر ہونے کا خطرہ چھ سے آٹھ گنا زیادہ ہوتا ہے۔
۔ 2 عمر
پچاس سال کی عمر کے بعد مرد و خواتین دونوں میں ہی تھائیرائیڈ کی بیماری سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
۔ 3 ذاتی تاریخ
ماضی میں تھائیرائیڈ کی بیماری سے متاثر رہ چکا ہونا مستقبل میں اس بیماری سے متاثر ہونے کے خطرات میں اضافہ کر دیتا ہے۔ بچے کی پیدائش کے بعد تھائیرائیڈ کی بیماری سے متاثر رہنا اور آٹو امیون بیماریوں کا شکار رہنا تھائی رائیڈ کی بیماری کے خطرات میں اضافہ کرتا ہے۔
۔ 4 خاندانی تاریخ
اگر آپ کے خاندان میں سے کوئی تھائیرائیڈ کی بیماری سے متاثر رہ چکا ہے اور اگر متاثرہ افراد میں آپ کے بہن، بھائی اور والدین شامل ہیں تو آپ کا اس بیماری سے دوچار ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
۔ 5 تھائیرائڈ کی سرجری
سرجری کے ذریعے تھائیرائیڈ کی مکمل یا کچھ حصے کا نکل جانا تھائی رائیڈ کی بیماری ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔
۔ 6 سگریٹ نوشی
سگریٹ نوشی تھائیرائیڈ کی بیماری ہونے کے امکانات کو بڑھاتی ہے۔ سگریٹ میں شامل تھائیو سائیانیٹ تھائیرائیڈ گلینڈ صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ تمباکونوشی تھائیرائڈ کی بیماری کے خطرات کے ساتھ ساتھ اس کی شدت اور ضمنی اثرات کو بھی بڑھا دیتی ہے۔ تمباکو نوشی تھائیرائیڈ کی بیماری کے علاج کے اثرات بھی کم کر دیتی ہے۔
۔ 7 آئیوڈین کی زیادتی
ایسے لوگ جن میں آئیوڈین کی کمی نہ ہو اگر وہ آئیوڈین کا استعمال کریں تو آئیوڈین کی زیادتی تھائیرائیڈ کی بیماری کا باعث بن جاتی ہے۔
۔ 8 آیوڈین کی کمی
آیوڈین کی کمی بھی تھائیرائڈ کی بیماریوں کی اہم وجہ ہے۔ آئیوڈین کی کمی ترقی پذیر ممالک میں عام ہے جہاں کھانے کے نمک میں آئیوڈین کی آمیزش نہیں کی جاتی ہے۔
۔ 9 ادویات
بعض ادویات کا استعمال بھی تھائیرائیڈ کی کارکردگی میں کمی کا باعث بن جاتا ہے۔ ان میں لیتھیم، دل کی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات اور مداافعتی نظام کی درستی میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔
۔ 10 غذائیں
بعض غذاؤں کا استعمال بھی تھائیرائڈ کی بیماری بڑھانے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان میں گوبھی، بروکولی، شلجم اور بند گوبھی شامل ہیں۔
۔ 11 ذہنی دباؤ
زندگی کے نشیب و فراز میں پیش آنے والے واقعات جیسے کہ کسی قریبی عزیز کی موت، ایکسیڈنٹ یا ازدواجی زندگی کے مسائل ذہنی دباؤ کا باعث بن جاتے ہیں جو کہ تھائیرائڈ کی بیماری ہونے کا امکان بڑھا دیتا ہے۔