خوبصورت اور شفاف جلد ہر عمر کی خواتین کا خواب ہوتی ہے لیکن بہت سے عوامل آپ کی جلد کی چمک کو کم کرنے، جلد کی ناہموار رنگت، جلد کے مردہ خلیات، سیاہ دھبوں اور چہرے کے بالوں کے لیے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ہر عورت کے چہرے پر بال ہوتے ہیں، لیکن کچھ خواتین کے بالوں کی ،ساخت اور اگنے کی رفتار کہیں زیادہ تیز ہوتی ہے۔ اور چہرے پر موجود بال سکن کیئر پروڈکٹس اور میک اپ کو آسانی سے بلینڈ ہونے سے روکتے ہیں۔
چہرے کے بالوں سے نجات کے بہت سے طریقے ہوتے ہیں، جیسے تھریڈنگ، ویکسنگ اور لیزر ٹریٹمنٹ، لیکن اس کے نتائج عارضی ہوتے ہیں یا علاج بہت مہنگا ہوتا ہے۔ آج ہم آپ کو چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کے گھریلو علاج یا طریقوں کے بارے میں بتائیں گے کئی دہائیوں پہلے، جب کوئی اور ماڈرن طریقے دستیاب نہیں تھے، تو خواتین چہرے کے بالوں کو ہٹانے کے لیے قدرتی گھریلو ٹوٹکے ہی استعمال کرتی تھیں۔
اگر آپ حساس جلد کی مالک ہیں تو کسی قسم کے ٹوٹکے کو استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے لازمی مشورہ کریں مشورے کے لئےمرہم کی سائٹ وزٹ کریں یا 03111222398 پر رابطہ کریں
چہرے کے بالوں کو ہٹانے کے گھریلو ٹوٹکے
یہ طریقے ماڈرن طریقوں کی بنسبت سستے ہوتے ہیں کیونکہ انہیں صرف چندایسے عام اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کے باورچی خانے میں پہلے سے موجود ہو سکتے ہیں۔ یہ آسان قدرتی علاج یا ٹوٹکے محفوظ، مؤثر اور دیرپا نتائج دیتے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ آپ سیلون کے بار بار کے چکروں سے چھٹکارا پانے کے لیے درج ذیل ٹوٹکوں میں سے کسی ایک کو آزمانے کے بارے میں ضرور سوچیں گے۔
شہد اور چینی
چینی جلد کے مردہ خلیات اور چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کے لیے جلد کی سطح کو ہلکے سے ایکسفولیئٹ کرتی ہے جبکہ شہد جلد کو شفا بخشتا ہے شہد اور چینی کی یہ خصوصیات ان کو چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کے لیے بہترین گھریلو علاج میں سے ایک بناتا ہے۔
ان دو اجزاء کا استعمال کرتے ہوئے ماسک تیار کرنے کے لیے، ایک پیالے میں ایک کھانے کا چمچ شہد دو کھانے کے چمچ چینی اور ایک کھانے کا چمچ پانی ساتھ مکس کریں۔ مکسچر کو ایک پیالے میں رکھیں اور اسے 30 سیکنڈ تک مائکروویو میں گرم کریں جب تک کہ چینی گھل نہ جائے۔ اس پیسٹ کو ان جگہوں پر لگائیں جہاں آپ کے چہرے کے ناپسندیدہ بال ہیں۔
سوتی کپڑے کی ایک پٹی کو پیسٹ کے اوپر رکھیں، اور بالوں کی نشوونما کے مخالف سمت میں کھینچ لیں۔
چنے کا آٹا اور عرق گلاب
چنے کے آٹے میں ایکسفولیٹنگ خصوصیات ہوتی ہیں اور جب اسے گلاب کے پانی کے ساتھ ملایا جائے تو یہ بالوں کی نشوونما کو روکتا ہے۔ چہرے کے بالوں کو ختم کرنے کا آسان طریقہ مندرجہ ذیل ہے۔
ایک پیالے میں 2 کھانے کے چمچ چنے کا آٹا 2 کھانے کے چمچ عرق گلاب اور 1 کھانے کا چمچ لیموں کا رس ملا دیں۔ اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ بنالیں اور اپنے چہرے پر لگائیں، اسے پوری طرح خشک ہونے دیں اور چہرے کے بالوں سے چھٹکارا پانے کے لیے اسے اپنی انگلیوں سے رگڑیں۔ بہترین نتائج کے لیے اسے ہفتے میں تین سے چار بار دہرائیں۔
انڈہ اور کارن فلور
انڈے کی سفیدی سے جلد کے مردہ خلیوں اور چہرے کے بالوں سے نجات کے لیے ایک بہترین فیس ماسک بنایا جاسکتا ہے۔ اس میں کارن اسٹارچ ڈالنے سے چہرے کے بالوں کے لیے یہ گھریلو ٹوٹکا زیادہ مؤثر ہوجاتا ہے۔
اس ماسک کو تیار کرنے کے لیے ایک انڈے کی سفیدی کو ایک پیالے میں آدھا کھانے کا چمچ کارن اسٹارچ اور ایک کھانے کا چمچ چینی کے ساتھ ملا دیں۔ اپنی جلد پر پیسٹ کی ایک برابر تہہ لگائیں اور اسے مکمل طور پر خشک ہونے دیں۔ خشک ہونے کے بعد، چہرے کے بالوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ماسک کے ایک سرے کو ڈھیلا کریں اور بالوں کی نشوونما کے مخالف سمت میں اسے چھیل دیں۔
پپیتا اور ہلدی
پپیتے میں ایک ایسا انزائم پایا جاتا ہے جو چہرے کے بالوں کو ہٹانے میں مدد دینے کے لیے جانا جاتا ہے، اور ہلدی جلد کو صحت مند اور چمکدار بنا دیتی ہے۔
پپیتے کے ایک ٹکڑے کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر پیسٹ بنا لیں، پھر اس میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی ڈال دیں۔ اچھی طرح مکس کریں اور صرف ان جگہوں پر لگائیں جہاں آپ کے بالوں کی غیر ضروری نشوونما ہو۔ چند منٹ تک مساج کریں اور پھر 15-20 منٹ تک لگےرہنے دیں۔ نیم گرم پانی سے دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے چہرے کے بالوں کو ہٹانے کے لیے اس گھریلو ٹوٹکے کو ہفتے میں دو بار دہرائیں۔
لیموں اور چینی
چینی اور لیموں کا رس ایک کلاسک امتزاج ہے جو صدیوں سے چہرے کے ناپسندیدہ بالوں کو ختم کرنے کے لیے ایک مؤثر گھریلو علاج کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ چینی چہرے کے چھوٹے بالوں سے چپک جاتی ہے اور اسے مؤثر طریقے سے ہٹاتی ہے اور لیموں جلد کو چمکدار چمک دیتا ہے۔
لیموں کے رس اور بہت کم پانی کے ساتھ چینی کو مکس کریں، دانے دار پیسٹ بنانے کے لیے اچھی طرح مکس کریں ۔ آپ اسے ٹھنڈا استعمال کر سکتے ہیں یا جب یہ چپچپا پیسٹ بن جائے تو آپ اسے تھوڑا سا گرم کر کے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اپنے چہرے کے ناپسندیدہ بالوں پر برابر کی تہہ لگائیں، چند منٹ کے لیے مساج کریں پھر اسے 10-15 منٹ تک رہنے دیں۔ نیم گرم پانی سے دھولیں۔