کریمین کانگو ہیمریجک فیور ایک وائرل بیماری ہے جو کہ پالتو اور جنگلی جانوروں کو متاثر کرتی ہے۔ جانوروں میں یہ بیماری کانگو وائرس سے متاثرہ چچڑیوں کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ کانگو ہیمریجک فیور دنیا کے کئ ممالک میں پایا جاتا ہے جن میں افریقہ، ایشیا اور یورپ کے ممالک شامل ہیں۔ اگرچہ یہ بیماری انسانوں کو بہت کم متاثر کرتی ہے لیکن اس بیماری کی وجہ سے شرح اموات بہت زیادہ ہے۔
کانگو وائرس انسانوں کو کیسے متاثر کرتا ہے
کانگو وائرس انسانوں میں متاثرہ جانور کے خون اور گوشت کے ذریعے منتقل ہو سکتا ہے۔
کانگو وائرس انسانوں میں متاثرہ چچڑیوں کے کاٹنے سے بھی منتقل ہو سکتا ہے۔
متاثرہ شخص کے خون یا خون آلود اوزاروں کے استعمال سے بھی کانگو وائرس پھیل سکتا ہے۔
کانگو ہیمریجک فیور کی علامات
اس بیماری کا آغاز اچانک بخار، پٹھوں میں کھچاؤ، سستی، گردن کا درد اور اکڑن، سر درد، آنکھوں کے دکھنے اور فوٹو فوبیا سے ہوتا ہے۔ اگلے کچھ دن میں مریض درج ذیل علامات کا شکار ہو سکتا ہے۔
۔ مزاج کی تبدیلیاں۔
۔ ذہنی خلفشار۔
۔ غصہ
۔ نیند کی زیادتی۔
۔ جگر کا بڑھ جانا۔
۔ اندرونی طور پر خون بہنے کی وجہ سے جلد پر سرخ دھبے۔
۔ مسوڑوں، ناک اور اندرونی اعضا سے خون آنا۔
۔ سنگین حالات میں مریض کا جگر، گردے اور پھیپھڑے ناکام ہو سکتے ہیں۔ اس مرض کا شکار ہونے والے تیس فیصد افراد لقمئہ اجل بن جاتے ہیں۔
کانگو ہیمریجک فیور کی تشخیص
اس مرض کی تشخیص خون یا بافتوں(ٹشو) کے نمونے کے ذریعے کی جاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید اور محفوظ ترین لیبارٹری کی سہولت درکار ہوتی ہے۔
کانگو ہیمرییجک فیور کا علاج
اس مرض کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخلہ ضروری ہے۔ خون کی منتقلی، جسم میں پانی اور نمکیات کی فراہمی، بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے علاوہ سانس لینے میں سہولت پیدا کرنے کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔
کانگو وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر
اس مرض سے بچاؤ کی کوئی ویکسین موجود نہیں ہے لیکن بہت سی ایسی احتیاطی موجود ہیں جن کو اختیار کرنے سے آپ اس وائرس سے بچ سکتے ہیں۔
۔ وہ تمام لوگ جن کے گھروں میں مویشی موجود ہیں اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان کے پالتو جانوروں کے جسم پر چیچڑیاں نہ ہوں۔
۔ جانوروں سے متعلقہ کام کرنے والے لوگوں کو جانوروں کے پاس جانے سے پہلے چیچڑیوں سے بچاؤ کی ادویات یا لوشن کا استعمال کرنا چاہیے۔
۔ قربانی کا جانور خریدنے کے لیے جانے والے لوگوں کو بھی اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئں۔
۔ قربانی کا جانور خریدنے کے لیے جاتے ہوئے ہلکے رنگ کے پوری آستین والے کپڑے پہنیں۔
۔ مویشی منڈی جاتے ہوئے ایسے کپڑوں اور جوتوں کا انتخاب کریں جو آگے سے بند ہوں۔
۔ مویشی منڈی سے واپس آنے کے بعد نہا لیں اور کپڑے تبدیل کر لیں۔
۔ قربانی کا جانور خریدنے سے پہلے اچھی طرح یقین کر لیں کہ اس کے جسم پر چیچڑیاں نہ ہوں۔
۔ قربانی کا گوشت بناتے اور دھوتے ہوئے دستانے استعمال کریں۔
۔ قربانی کے جانوروں کا گوشت اچھی طرح پکا کر استعمال کریں۔
۔ قصائی اور متاثرہ شخص سے قربت رکھنے والے افراد کو کانگو بخار سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہے۔