بالوں کے گرنے کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں بیماری یا بعض ادویات جیسے کے کینسر کے علاج میں استعمال ہونےوالی کیموتھراپی بالوں کے گرنے کی وجہ بن سکتی ہے۔ سخت کیمیائی مصنوعات کے استعمال سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے اور یہ کمزور ہو کر آسانی سے ٹوٹنے اور گرنے لگتے ہیں۔ بعض اوقات بال جھڑنے کی وجہ موروثی یا عمر میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ بالوں کی دیکھ بھال کی یہ تجاویز بالوں کی حفاظت، انہیں مزید نقصان سے بچانے اور موجودہ بالوں کے حجم میں اضافے کے لیے ہیں۔
ایک انسان کے لیے روزانہ دس سے سو کے قریب بالوں کا گرنا کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے لیکن اگر آپ ایک ساتھ بہت زیادہ بالوں کے گرنے کا سامنا کر رہے ہیں تو معالج سے رابطہ کرنا ضروری ہے کیونکہ تیس سے زائد بیماریاں ایسی ہیں جو بالوں کے گرنے کا باعث بن سکتی ہیں۔ معالج نہ صرف اس مسئلے کی وجہ تلاش کرے گا بلکہ بالوں کے گرنے کو ناپنے کے لیے استعمال ہونے والے خاص پیمانے جس کو ساوین سکیل کہا جاتا ہے کی مدد سے بالوں کے ہونے والے نقصان کی پیمائش کر کے اس کے مطابق علاج ت جویز کرے گا۔
ادویات
مناوکسیڈل ایف۔ڈی۔اے کی طرف سے خواتین میں بالوں کے جھڑنے کی روک تھام کے لیے منظور شدہ دوا ہے۔ اس کے استعمال سے نہ صرف بالوں کا جھڑنا کم ہو جاتا بلکہ رک بھی سکتا ہے اور بال دوبارہ سے اگنے بھی لگتے ہیں لیکن یہ تمام فوائد اس دوا کا استعمال روکنے کے ساتھ ہی ختم ہو جاتے ہیں۔ کارٹیکوسٹیرائڈز بھی گنج پن کا شکار خواتین میں بال اگانے میں فائدہ مند ہے۔ اگر بالوں کے گرنے کی وجہ غذائی کمی ہے تو یہ کمی پوری کرنے سے بالوں کا گرنا رک جاتا ہے اور بال پھر سے اگنے لگتے ہیں۔
Read Also: Now Baldness is Treatable in Pakistan
لیزر
کم توانائی والی لیزر کی شعائیں بال اگانے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ لیزر کے زریعے علاج کے لیے باقاعدہ کلینکس موجود ہیں جہاں ان آلات کے ذریعے مختلف علاج کیے جاتے ہیں۔ لیزر مرد و خواتین دونوں کے علاج میں استعمال ہو سکتا ہے لیکن یہ ایک صبر آزما طریقہ علاج ہے کیونکہ اس کے نتائج کے لیے دو سے چار ماہ کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں یہ بھی خیال رکھنا ضروری ہے کہ لیزر کے دیر پا اثرات اور نقصانات پر کوئی تحقیق نہیں کی گئی ہے لہذا اس کا انتخاب کرتے ہوئے یہ بات بھی مد نظر رکھیں۔
بالوں کی آرائش
بالوں کے گرنے کو کم نمایاں کرنے کے لیے آپ ایسے انداز اپنا سکتے ہیں جن سے آپ کے بالوں کا پتلا ہونا چھپایا جا سکے۔ اس سلسلے میں بالوں کی تراش خراش سے تبدیلیاں فائدہ مند ہو سکتی ہیں اور زیادہ سنگین حالات کے لیے مصنوعی بال یا خوبصورت سکارف اور ہیٹ بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ پتلے بال ہونے کی صورت میں بہت زیادہ لمبے بال رکھنا مناسب نہیں رہتا۔ اس کے علاوہ کم گھنے بالوں کے لیے کیمیائی مصنوعات کا انتخاب بھی توجہ کا طالب ہے۔ ایسی مصنوعات استعمال کیجیے جو کہ بالوں میں جمع نہ ہوں جہسا کہ بی۔ویکس پر مشتمل مصنوعات پتلے بالوں میں استعمال کے لیے مناسب نہیں ہیں۔ پتلے بالوں میں موز کا استعمال اچھے نتائج دیتا ہے۔
غذا
اپنی غذا میں کچھ اجزأ شامل کرنے سے آپ بال گرنے کی روک تھام اور مداوا کر سکتے ہیں۔ خاص طور پر اومیگا تھری جو کہ آپ مچھلی، بادام اور اخروٹ کے استعمال سے حاصل کر سکتے ہیں۔ وٹامن بی کی اقسام اور فولک ایسڈ بھی بالوں کی صحت میں اہم ہیں۔ بالوں کی اچھی صحت کے لیے اہم ترین جز پروٹین ہے جس کی کمی سے بال شدید متاثر ہوتے ہیں۔ پروٹین کے حصول کیلیے مرغی، مچھلی، انڈے اور دالوں کا استعمال کیجیے۔ اس کے علاوہ آئرن، زنک اور میگنیسیئم کی کمی سے بالوں کے صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔ اس سے بچنے کا بہترین طریقہ متوازن غذا کا استعمال ہے۔ اس کے علاوہ معالج کے مشورے سے ملٹی وٹامن کا استعمال بھی مناسب ہے۔