مینو پاز عورت کی زندگی کا ایک قدرتی حصہ ہے۔ سن یاس یعنی مینو پاز آپ کے جسم میں بہت سی تبدیلیوں کا آغاز ہوتا ہے مگر یہ کوئی بیماری نہیں ہے جس کا علاج کیا جائے۔ یہ بڑھتی عمر کا تقاضا ہے اور ایک قدرتی عمل بھی ہے۔ مینوپاز سے مراد خواتین کے ماہانہ ایام کا اختتام ہے۔
۔1 کیا مینو پاز کی علامات قابل برداشت ہوتی ہیں؟
اس سے ظاہر ہونے والی علامات اگر آپ کے لیے قابل برداشت نہیں ہیں تو اس سلسلے میں آپ معالج سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ دراصل مینو پاز وہ وقت ہے کہ جب آپ کو اپنی صحت کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ بلاگ میں چند بہترین مشورے موجود ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ زندگی کے اس مرحلے کے دوران اپنی صحت قائم رکھ سکتی ہیں۔
۔2 اپنے طرز زندگی میں تبدیلیاں لائیے
مینو پاز کے قریب آتے ہی آپ کو اپنے طرز زندگی پر غور کرنے کا بہترین وقت ہے۔ ہم سب ہی جانتے ہیں کہ عمر کے ہر حصے میں متوازن غذا اور ورزش بہت اہم ہوتی ہیں لیکن سن یاس میں ان کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے۔
۔ 1 صحت مند غذائی عادات اپنائیں
اگر آپ کی غذائی عادات اچھی نہیں ہیں تو اس بارے میں غذائی ماہرین سے ضرور رابطہ کیجیئے۔ ان کا مشورہ متوازن غذا کی اہمیت سمجھنے میں اور اس کو استعمال کرنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
اسی طرح اگر آپ کو ورزش کی عادت نہیں ہے تو چہل قدمی کی عادت اپنائیے یا جم جانا شروع کیجیے اور ورزش کو روزمرہ کا معمول بنا لیجیے۔ اچھی متوازن غذا اور ورزش کے سلسلے میں کچھ خاص تدابیر اختیار کرنا مینو پاز سے پہلے اور بعد کے بہت سے سالوں میں آپ کی صحت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
۔ 2 ورزشیں ضرور کیجیے
وزن اٹھانے سے عضلات بڑھتے اور مضبوط ہوتے ہیں۔ وزن اٹھانے والی ورزشیں ضرور کیجیے کیونکہ چالیس سال کی عمر کے بعد جسم میں عضلات کم ہونے لگتے ہیں۔ عضلات مضبوط ہونے سے آپ بڑھتی عمر کے چیلنجز کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں گی۔
۔ 3 پروٹین کھائیے
پروٹین اپنی غذا میں ضرور شامل کیجیے۔ یہ عضلات کا ایک اہم جز ہوتے ہیں۔ اپنی غذا میں گوشت اور دالیں شامل کرنے سے آپ پروٹین حاصل کر سکتی ہیں۔
۔ 4 پانی کا زیادہ استعمال کریں
روزانہ دو لیٹر پانی پینا بہت ضروری ہے۔ پانی کے بہت سے فوائد میں سے ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ اس سے آپ کی جلد ترو تازہ رہتی ہے اور بڑھتی عمر کے اثرات آپ کی جلد پر کم نظر آنے کی وجہ سے آپ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
۔ 5 بھرپور نیند لیں
مینو پاز کے دوران نیند پوری نہ ہونا صحت کو مزید خراب کردیتا ہے، لیکن آرام کرنا آپ کی صحت اور تندرستی کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے۔ خواتین کو ہر رات سات سے نو گھنٹے بھرپور نیند لینا چاہیے اور نیند کا باقاعدہ معمول بھی بنانا چاہیے، جیسے کہ ٹائم سے بستر پر جانا اور روزانہ ایک ہی وقت میں جاگنا۔
۔ 6 مکمل جسمانی معائنہ کروائیے
ہو سکتا ہے کہ زندگی کی دیگر مصروفیات نے آپ کو اپنی صحت سے کچھ لاپرواہ کر دیا ہو تو یہ وقت مناسب ہے کہ آپ اپنی صحت کا مکمل معائنہ کروائیں۔ تھائیرائڈ کی بیماریوں، شوگر اور دل کے مرض کے حوالے سے ٹیسٹ کروائیں۔
بڑھتی عمر اور مینو پاز آپ کو بہت سی بیماریوں کے خطرے سے دوچار کر دیتا ہے۔ اس سلسے میں تمام ضروری ٹیسٹ کروائیے۔ جلد تشخیص اور احتیاط مینو پاز کے پہلے اور بعد میں آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ایکٹو طرز زندگی، متوازن غذا کھانے، ہائیڈریٹ رہنے، بھرپور نیند لینے، تناؤ کو کم کرنے کی تکنیکوں پر عمل کرنے، ہارمون تھراپی پر غور کرنے سے، خواتین مینو پاز کی جسمانی اور جذباتی علامات پر قابو پا سکتی ہیں اور پوری زندگی گزار سکتی ہیں۔