بیٹی کی آنے والی پہلی ماہواری ہر عورت کو اس کی پہلی ماہواری کی یاد دلا دیتی ہے ۔ اپنے اس تجربے کو یاد کر کے ہر ماں کے ذہن میں یہ خیال ہوتاہے کہ کاش ہمیں اس حوالے سے کاش کچھ رہنمائی ہوتی ۔ اس کسک کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنی بیٹی کو پہلی ماہواری کے حوالے سے ان تمام پہلوؤں میں رہنمائی کریں جو کہ آپ کو اپنے وقت پر نہیں مل سکی
بیٹی کو پہلی ماہواری کے حوالے سے بتائی جانے والی اہم باتیں
پہلی ماہواری درحقیقت ایک ایسے سلسلے کا آغاز ہوتی ہے جو کہ اگلے تقریبا چالیس سال تک ہر مہینے ایک ہفتے تک جاری رہتا ہے ۔یہ ایک پیچیدہ صورتحال ہوتی ہے جس کا تعلق جسمانی اور نفسیاتی دونوں حالات سے ہوتا ہے اس وجہ سے اس کے لیۓ بچی کی بہترین ترین رہنمائی ایک ماں ہی کر سکتی ہے ۔ اس حوالے سے جو پانچ اہم باتیں بچی کو بتانا ضروری ہیں وہ کچھ اس طرح سے ہیں
ماہواری کے حوالے سے بنیادی معلومات دیں
پہلی ماہواری کے آنے پر بچیاں پریشان ہو جاتی ہیں کیوں کہ یہ ان کے لیۓ ایک نئی بات ہوتی ہے اس وقت ایک ماں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنی بچی کو اس کے بارے میں مگمل آگاہی فراہم کرۓ ۔ اس کو صحت اور صفائی کی اہمیت سے آگاہ کرۓ اس کو بتاۓ کہ ماہواری کا یہ دورانیہ کتنے دنوں پر مشتمل ہو سکتا ہے ۔
ماہواری میں آنے والے خون کا رنگ اور مقدار نارمل حالات میں کیسی ہوتی ہے اور اگر خون کا رنگ سرخ کے بجاۓ گلابی یا براون ہو یا اسکی مقدار بہت زیادہ ہوتو اس صورت میں کیا کرنا چاہیے ۔ اس کے ساتھ ساتھ بیٹی کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ ہر 4 سے 6 گھنٹوں بعد پیڈ کس طرح چینج کرنا چاہیۓ ۔
ماہواری کے حوالے سے ضروری کٹ کی تیاری
عام طور پر جب بچی کی پہلی ماہواری آتی ہے تو اس عمر میں بچیاں اسکول جانے کی عمر میں ہوتی ہیں اس وجہ سے اس حوالے سے بچی کے لیۓ ایک چھوٹا سا بیگ تیار کریں جس میں ماہواری کے حوالے سے تمام ضروری سامان موجود ہو ۔ یہ بیگ بچی کے بیگ میں ہر وقت رکھیں کیوں کہ پہلی ماہواری کے آنے والی شروع کے کچھ مہینوں تک یہ سائیکل بے قاعدگی کا شکار ہوتا ہے
اس وجہ سے بچی کے پاس ضروری سامان ہر وقت موجود ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بھی وقت میں اگر ماہواری کا آغاز ہو جاۓ تو بچی کے پاس ضروری سامان موجود ہو
ہنگامی حالات کی صورت میں کیۓ جانے والے اقدامات
بیٹی کو پہلی ماہواری کے بعد ذہنی طور پر اس بات کے لیۓ آگاہ کریں کہ یہ عمل اب ہر مہینے ہو گا اس وجہ سے اس سے خوفزدہ ہونےکے بجاۓ اس کے لیۓ تیار رہنا ضروری ہے ۔ اگر کسی ایسے وقت میں ماہواری کا آغاز ہو جاۓ جب کہ وہ گھر سے دور ہو تو اس صورت میں اس کو پریشان ہونے کےبجاۓ کیا کیا ضروری اقدامات کرنے چاہیے ہیں
بچی کو یہ اعتماد دیں کہ اگر اچانک ماہواری کی صورت میں اس کے کپڑے خراب ہو جائيں تو اس صورت میں اس کو کس طرح ان مسائل کا سامنا کرنا ہے اور اپنے اعتماد کی بنا پر کس طرح اس صورتحال پر قابو پانا ہے
جسمانی اور نفسیاتی مسائل سے آگاہ کرنا
بچی کے سامنے ماہواری سےجڑے مسائل بہت بڑھا چڑھا کر نہ بتائیں ۔ وقت کے ساتھ اس کو ان سے خود بخود آگاہی ہوتی جاۓ گی آپ کے بڑھا چڑھا کر بیان کرنے سے ہو سکتا ہے کہ وہ خزفزدہ ہو جاۓ
البتہ ماہواری کے آنے کی وجہ سے کمر وغیرہ میں ہونے والادرد ہونے کی صورت میں بچی کو کسی گرم کپڑے سے ٹکور کرنے کے متعلق بتائیں اور اس درد کے ساتھ روز مرہ کے کاموں کو انجام دینے کا مشورہ دیں کیوںکہ یہ درد اب آنے والے کئی سالوں تک زندگی کا ساتھی بننے والا ہے اس کے ساتھ جینے کی عادت اپنانا بچیوں کو آنا چاہیۓ
قبل از ماہواری اور ماہواری کے دوران ہارمون کی تبدیلی کے سبب ہونے والے موڈ سوئنگ ایک نارمل عمل ہے جس کا سامنا آپ کی بیٹی کو بھی کرنا پڑ سکتا ہے اس صورت حال کا سامنا آپ کو بطور ماں کرنا پڑ سکتا ہے ان حالات کا سامنا کرنے کے لیۓ ضروری ہے بچی کو ان کا سامنا کرنے کےلیۓ تیار کریں
ماہواری ایک بیماری نہیں ہے
ماہواری کوئی بیماری نہیں ہے اس وجہ سے بیٹی کے دل میں یہ خیال مت ڈالیں کے ماہواری کے ایام کے دوران وہ بیمار ہے ۔ البتہ ان دنوں میں اس کا خصوصی خیال رکھیں ۔ اس کی خوراک کا خیال رکھیں کوشش کریں کہ اس دوران اس کو غذائيت سے بھر پور غذا کھلائيں ۔ عام طور پر بچیاں کمزور ہوتی ہیں جس کی وجہ سے ماہواری کے دنوں میں ان کا بلڈ پریشر بھی لو ہو سکتا ہے جس کا علاج پروٹین سے بھر پور غذا ہوتی ہے دودھ انڈے وغیرہ اس کو کھانےکے لیۓ دیں