ہم میں سے اکثر لوگ کسی نہ کسی کی صحت کو رشک کی نظروں سے دیکھتے ہیں اور حیران ہوتے ہیں کہ یہ لوگ ایسا کیا کرتے ہیں کہ ان کی صحت ایسی بہترین اور قابل رشک ہے۔ اچھی صحت کوئی راز اور معمہ نہیں ہے یہ دراصل اچھی عادات اور صحت مند طرز زندگی کا نام ہے۔ آئیے صحت مند لوگوں کی کچھ عادات کا جائزہ لیتے ہیں جن کو اپنانے سے آپ بھی اپنی صحت کی صورتحال میں بہتری لا سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور مشورے کے لیے مرہم کی سائٹ پہ تجربہ کار ڈاکٹر سے رجوع کریں یا 03111222398 پہ کال بھی کرسکتے ہیں۔
ناشتہ کرنا
دن کا بہترین آغاز ایک صحت مند ناشتے سے کرنا نہ صرف آپ کو دن بھر کے لیے توانائی فراہم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے بلکہ ایک اچھا ناشتہ کرنے سے آپ دن بھر بار بار کھانے کی خواہش سے بھی بچے رہتے ہیں۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ وہ لوگ جو دن کا آغاز صحت مند ناشتے سے کرتے ہیں وہ کام کے دوران اور پڑھائی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
پودوں پر مبنی غذائیں کھانا
تحقیق میں بتایا گیا کہ پودوں پر مبنی غذا کھانے سے آپ کی لمبی زندگی گزارنے کے امکانات 21 فیصد بڑھ جائیں گے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو سبزی خور ہونا پڑے گا ایک صحت مند پودوں پر مبنی ڈائیٹ پر عمل کرنا جیسے کہ بحیرہ روم کی خوراک پورے اناج اور پتوں والی سبز سبزیوں سے بھری ہوئی ہوتی ہے۔
ڈیجیٹل مصروفیات سے فراغت
موجودہ دور میں باخبر رہنا یقیناً ایک ضرورت بن چکا ہے لیکن کیا آپ واقعی اپنے دوست کے رات کے کھانے کی تصویر دیکھنا چاہتے ہیں؟ ایسی غیر اہم چیزوں سے متعلق اپنی ڈیجیٹل مصروفیات کم کر دیں اور سوشل میڈیا استعمال کرنے کا ایک وقت مقرر کر لیجیے۔ ان مصروفیات سے بچنے والا وقت چہل قدمی یا ایک اچھی کتاب کو پڑھنے میں صرف کیجیے۔
کچھ نیا سیکھیں
نئی چیزیں سیکھتے رہنا دماغ کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ کوئی ساز بجانا سیکھیئے یا ایک نئی زبان سیکھنے کے لیے کورس میں داخلہ لیجیے۔ نئی چیزیں سیکھنے میں جو دماغی مشقت درکار ہوتی ہے وہ دماغ کو کمزور ہونے اور الزائمر کی بیماری سے بچائے رکھتی ہے۔
تمباکونوشی سے پرہیز
تمباکونوشی مضر صحت ہے۔ اس سے بچیں ۔ اگر آپ اس کے عادی ہیں تو اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کوشش کریں اور درست رہنمائی حاصل کریں۔ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بیس منٹ بعد ہی آپ کے دل کی دھڑکن اور بلڈ پریشر میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔تو دیر مت کیجیے اور آج ہی اس بری عادت کے تدارک کا بندوبست کیجیے۔
اچھی نیند لیں
اچھی صحت کا حصول ایک بھرپور نیند کے بغیر ممکن نہیں۔ نیند کی کمی بہت سی بیماریوں کی وجہ بن سکتی ہے۔ اگر آپ سلیپ ایپنیا یا نیند کے دوران دم گھٹنے اور خراٹے لینے کی وجہ سے نیند کی کمی کا شکار ہیں تو مرہم فورم پر موجود ماہرڈاکٹرز کی مدد اور رہنمائی سے اس مرض سے نجات حاصل کیجیے اور بھرپور نیند کے فوائد اٹھائیے۔ نیند پوری ہونے سے نہ صرف آپ دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں بلکہ یہ آپ کے مزاج اور دماغی کارکردگی پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔
پانی کی کمی سے بچیں
پانی آپ کے جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے میں مدد کرتا ہے اس لیے دن بھر میں چھ سے آٹھ گلاس پانی پینا عادت بنا لیجیے۔ اس سے آپ بہت سی بیماریوں سے بچے رہیں گے۔
پٹھوں کو مضبوط بنائیں
پٹھوں کی مضبوطی والی ورزشیں کرنا ضروری ہے۔ یہ آپ کے جسم میں موجود چربی کو کم کرتی ہیں اور پٹھوں کا حجم بڑھاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے آپ زیادہ حرارے جلانے کے قابل ہوتے ہیں۔ وزن اٹھانے والی ورزشوں سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں۔ ایسی ورزشیں ہفتے میں دوبار کرنا مناسب ہے۔
کھلی فضا میں وقت گزاریں
کھلی فضاء میں چہل قدمی اور ورزش صحت اور مزاج دونوں پر اچھا اثر ڈالتی ہیں۔ اس سے نہ صرف آپ جسمانی طور پر ایکٹو رہیں گے بلکہ یہ آپ کو کمپیوٹر اور ٹی وی سے بھی دور رکھے گا۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ قدرتی ماحول میں وقت گزاری کرنے والے افراد شور و غل میں رہنے والوں کی نسبت زیادہ پر سکون رہتے ہیں۔